پاکستان سمیت مسلم ممالک کے سفراء مدعو
نئی دہلی، 22؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) آر ایس ایس سے وابستہ مسلم راشٹریہ منچ 2؍جولائی کو ایک بڑی افطارپارٹی کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس کے لیے پاکستان جیسے مسلم ممالک سمیت کئی ممالک کے سفیروں کو مدعوکیا گیا ہے۔دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس افطارپارٹی کا مقصد اتحاد اور ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانا اور ہندوستان کو فسادات مکت ملک بنانا ہے۔مسلم راشٹریہ منچ کی افطار پارٹی اس بار کافی عظیم الشان ہو گی ۔اس نے اپنے ممبران کو ملک بھر میں چھوٹی چھوٹی افطار پارٹیاں منعقد کرنے کو کہا ہے۔سنگھ لیڈر اور منچ کے سرپرست اندریش کمار نے کہاکہ اس کا مقصد دنیا کو ہندوستانیت کے بارے میں بتانا اور تمام کمیونٹیوں کے لوگوں کو امن اور سکون کے ساتھ زندگی گزارنے میں مدد کرنا ہے۔ہندوستان مسلم دنیا کے لیے امید اور امن کی ایک کرن ہے۔انہوں نے اقلیتی برادری کے لوگوں سے اپنی اپیل میں کہاکہ اچھے کام کی شروعات اپنے گھرسے ہوتی ہے۔سبھی کو اس ملک کو فساد سے پاک کرنے اورہندوستان سمیت دنیا کو دہشت گردی اور تشدد سے پاک بنانے میں مددکرنے کے لیے پرامن طریقے سے رہنا چاہیے ۔